ممبئی:کانگریس کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی جمعرات کو ممبئی پہنچے ، جہاں وہ دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا جائزہ لیں گے ۔ اس کے بعد وہ احمد آباد کے لیے روانہ ہوں گے ۔ممبئی میں قیام کے دوران راہل گاندھی بی کے سی کے ٹرائیڈنٹ ہوٹل میں قیام کریں گے ، جہاں وہ گجرات کانگریس کے قائدین سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے ۔ یہ ملاقاتیں احمد آباد روانگی سے قبل مکمل کی جائیں گی۔راہل گاندھی کا یہ دورہ سیاسی طور پر خاصا اہم سمجھا جا رہا ہے ، کیونکہ دھاراوی کے ترقیاتی منصوبے کا جائزہ لینے سے پارٹی کو مقامی سطح پر تقویت مل سکتی ہے ، جبکہ گجرات میں کانگریس کے کمزور ہوتے اثر و رسوخ کو بھی نئی توانائی دینے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔ممبئی میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات کے تناظر میں بھی اس دورے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔ قیاس ہے کہ راہل گاندھی کانگریس کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات کے دوران بلدیاتی انتخابات اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ مہاراشٹر میں کانگریس کی ساکھ مضبوط کرنے کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے ، کیونکہ ریاست میں بی جے پی اور شیوسینا کی سیاست کے درمیان کانگریس اپنی جگہ مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔

