سنیل کمار سنگھ نے قانون ساز کونسل میں اپنی رکنیت بحال کرنے کا مطالبہ کیا

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) لیڈر سنیل کمار سنگھ نے آج بہار قانون ساز کونسل کے چیئرمین سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر ایوان کی رکنیت بحال کریں۔پیر کو اپنے خط میں مسٹر سنگھ نے سپریم کورٹ کے 25فروری کے فیصلے کا حوالہ دیا اور کہا کہ عدالت نے واضح اور پابند ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے 26فروری کو اسپیکر کو ایک خط بھی لکھا تھا جس میں آئین اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی رکنیت بحال کرنے کی اپیل کی تھی۔آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ آرٹیکل 141اور 142کے تحت سپریم کورٹ کے احکامات پورے ملک میں پابند ہیں اور ان کی فوری تعمیل کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فیصلے پر عمل درآمد میں تاخیر کو آئینی احکامات کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، جو توہین عدالت کے مترادف ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر سنگھ کو 26جولائی 2023کو وزیر اعلی نتیش کمار کی نقل کرنے اور انہیں ‘پلٹو رام’کہنے پر بہار قانون ساز اسمبلی کے ایوان بالا سے نکال دیا گیا تھا۔ ان کے بدتمیزی کا معاملہ تحقیقات کے لیے ایتھکس کمیٹی کے سپرد کیا گیا لیکن بار بار نوٹسز کے باوجود وہ کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے ۔ اس کے بعد ان کی رکنیت ختم کر دی گئی۔آر جے ڈی لیڈر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر نتیش کمار کی ہدایت پر ان کی رکنیت منسوخ کی گئی جو کہ سراسر ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کونسل کے چیئرمین سے درخواست کی کہ انہیں 28فروری سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس میں عوامی تشویش کے مسائل اٹھانے کا موقع دیا جائے ۔

Share this

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *